
مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ یہ کوئی سیاست کا معیار نہیں ہے کہ جو وزیراعلی کی آفر کرے اس کے ساتھ چل پڑو۔
شاہد خاقان عباسی نے یہ گفتگو آج نیوز کے پروگرام"فیصلہ آپ کا " میں میزبان عاصمہ شیرازی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کی،عاصمہ شیرازی نے ان سے پوچھا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے ق لیگ کو پہلے وزارت اعلی کی آفر دی گئی تھی، وہ بھی یہی کہتے تھے کہ جو وزارت اعلی پہلے دے گا ہم اسے قبول کریں گے، پھر اچانک ہوا کیا؟
ن لیگی رہنما نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں اس کو سیاست نہیں سمجھتا، بہر حال ق لیگ کا یہ اپنا فیصلہ ہے اور اس فیصلے پر انہوں نے ہی عمل درآمد کرنا ہے۔
عاصمہ شیرازی نے دوبارہ سوال کیا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ یہ خالصتا ان کا اپنا فیصلہ ہے اور اس کیلئے ان پر کہیں سے کوئی دباؤ نہیں آیا ہوگا؟
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کہاں سے دباؤ آیا ہوگا؟ یہ خالصتاان کا اپنا فیصلہ ہے، ہمیں اب تک کم ازکم کوئی ایسی شکایت نہیں ہے کہ کہیں سے کوئی مداخلت ہوئی ہے، اگر ق لیگ کو شکایت ہے تو وہ بتادیں کہ کس نے ان پر دباؤ ڈالا ہے۔
انہوں نے مزید کہا پچھلے ساڑھے تین سال میں ہر ادارے کو تباہ کر دیا گیا ہے، جسے ٹھیک کرنے میں بہت وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا ہم آئی جنگ لڑ رہے ہیں۔ دنیا میں دو طرفہ تعلقات پر خارجہ پالیسی ہوتی، کسی ملک کی دنیا سے آزاد خارجہ پالیسی نہیں ہوتی۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے پنجاب کی وزارت اعلی کے بدلے میں اپوزیشن کو حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں حمایت کی یقین دہانی کروائی گئی تھی، جیسے ہی ن لیگ نے ق لیگی رہنما پرویز الہیٰ کو وزیراعلی بنانے کی منظوری دی چوہدری پرویز الہیٰ نے عمران خان سے ملاقات کرکے ان سے معاملات طے کرلیے اور عمران خان نے انہیں عثمان بزدار کی جگہ پنجاب کا وزیراعلی نامزد کرنے کا اعلان کردیا ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14abbasikharjapolicy.jpg