خون مسلم ارزاں ترین ،پوری دنیا میں مسلمانوں کا قتل عام کیاجارہاہے۔لیاقت بلوچ
لاہور6اگست 2013 ء:جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ خون مسلم ارزاں ترین ہوگیا ہے پوری دنیا میں مسلمانوں کا قتل عا م کیاجارہا ہے ۔ کشمیر سے میانمار اور شام سے فلسطین تک مسلمانوں کے خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں اور ان کے خون میں ہی مسلمانوں کی آزادی اور انسانی حقوق غرق کیے جارہے ہیں۔عالم اسلام آبادی ، قدرتی وسائل اور جغرافیائی اعتبار سے بہترین مقام رکھتا ہے لیکن امت منتشر ہے ، قرآن وسنت کے نظام سے منہ موڑ کر ذلیل و خوار ہورہی ہے ۔ اتحاد امت اور بیداری امت میں ہی امت مسلمہ کے مسائل کا حل ہے ۔ مسلم نوجوانوں کو امت کے اتحاد کے لیے قائدانہ کردار اد ا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہو ں نے جوہر ٹاﺅن اور ماڈل ٹاﺅن میں شباب ملی کے افطار اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ 27 رمضان المبارک کو پاکستان کو آزادی ملی ۔ قائداعظم نے قرآن کو ہی پاکستان کادستور قرار دیا تحریک پاکستان میں قربانیاں دینے والوں کا عزم تھاکہ پاکستان دنیا بھر کے لیے ماڈل اسلامی ریاست ہوگی لیکن قائداعظم اور قائد ملت کے بعد پاکستان پر فوجی آمروں ، اقتدار کے پجاریوں ، جاگیرداروں ، وڈیرون ، سرمایہ داروں کا تسلط ہے جو فوجی آمریت میں آمروں کی جیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی ہوتے ہیں اور جمہوریت کے نام پر عوام کی آرزوﺅں کا خون کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم عزم کرے کہ پاکستان کو دکھوں، بحرانوں، معاشی مجبوریوں اور بدامنی سے نجات دلا کر آزاد ، خود مختار اور مستحکم پاکستان بناناہے ۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی انتخابات 2013 ءمیں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکی،ہم نے عزم اور حوصلہ نہیں ہار۔ ہم غلطیوں کا ازالہ کریں گے ، کوتاہیوں کی جگہ طویل المعیاد اور قلیل المعیاد منصوبہ عمل کے ساتھ رابطہ عوام عروج پر لائیں گے ۔
بلدیاتی انتخابات میں عوام کے سچے خادم نمائندے سامنے لاے جائیں گے ۔ جماعت اسلامی عوام کی بے لوث اور امانت و دیانت سے خدمت کرنے والی جماعت ہے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ہم ملک کو بجلی کی لوڈشیڈنگ ، کرپشن ، نااہلی اور تعصبات و نفرت اور شر سے نجات دلائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا سپریم کورٹ کی ہدایات پر عدم عملدرآمد غیر جمہوری رویہ ہے۔
الیکشن کمیشن نے نشاندہی کر دی ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ابھی تک بلدیاتی نظام کے لیے کوئی قانون منظور نہیں کیا یہ حکمران جماعتوں کے لیے ناکامی کی چارج شیٹ ہے ۔
اس موقع پر شاہد اسلم ملک ، احمد سلمان بلوچ ، عابد میر ، عامر نثار خان ، قاری احمد خان ، عابد میر ، افضل ہاشمی ، حافظ محمود اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعاکرائی گئی اور امدادی کاموں کے لیے مخیر حضرات نے امداد کا اعلان کیا۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کو ٹیلی فون کر کے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی ہے ۔
http://jamaat.org/ur/news_detail.php?article_id=3471