پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی خواجہ شیراز کے مبینہ اغواء کے حوالے سے اہم تفصیلات بتادی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ رات سوا گیارہ بجے خواجہ شیراز گھر پہنچے اور فریش ہونے کیلئے گئے تو گھر کے باہر موومنٹ محسوس ہونے پر ان کی زوجہ محترمہ نے دروازہ لاک کرنا چاہا۔ اچانک نامعلوم افراد نے بندوقوں کے بٹ مار کر دروازہ توڑ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ شیراز کی اہلیہ پر بندوق تان لی گئی اور پوچھا گیا کہ خواجہ صاحب کہاں ہیں؟ خواجہ صاحب فریش ہوکر باہر آئے تو انہیں صرف جوتے پہننے کا وقت دیا گیا۔ ان کے ہاتھ باندھے گئے، چہرے پر کپڑا ڈالا اور انہیں لے جایا گیا۔ دس منٹ بعد یہ واپس آئے، بچوں کے کمرے میں گئے اور انہیں زدوکوب کیاگیا۔