
ملک کے سب سے بڑے کاروباری ادارے ٹاٹا گروپ نے ایک بار پھر 'ایئر انڈیا' کی کمان سنبھال لی، گروپ کی ذیلی کمپنی ٹاٹا سنز نے خسارے میں ڈوبی ہوئی قومی ایئرلائن خرید لی۔
تفصیلات کے مطابق ٹاٹا سنز نے قومی ایئرلائن کو نصف صدی سے زائد عرصے کے بعد دوبارہ حاصل کر لی، حکومت نے یہ ایئرلائن اس کمپنی کو 18 ہزار کروڑ بھارتی روپے کی بلند ترین بولی پر فروخت کیا۔
ٹاٹا سنز نے نیلامی کی بولی میں ایئر انڈیا اور اس کی شاخ ایئر انڈیا ایکسپریس میں 100 فیصد حصص اور گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی ایئر انڈیا سیٹس ایئر پورٹ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ (AISATS) کے 50 فیصد حصص بھی حاصل کرلیے۔
ڈی آئی پی ایم (DIPM) کے سکریٹری تہین کانت نے کہا کہ ایئر انڈیا کے لئے ٹاٹا گروپ نے 18,000 کروڑ روپئے کی بولی لگائی تھی، ایئر انڈیا پر 31 اگست تک 61,560 کروڑ روپے کا قرض تھا، اس میں 15300 کروڑ روپئے ٹاٹا سنز چکائے گی، جبکہ باقی کے 46,262 کروڑ روپئے ایئر انڈیا اسسٹ ہولڈنگ کمپنی (Air India asset holding company) بھرے گی۔
واضح رہے کہ ایئر انڈیا کے لئے ٹاٹا گروپ (Tata Group) اور اسپائس جیٹ (SpiceJet) کے اجے سنگھ (ajay singh) نے بولی لگائی تھی۔ ایئر انڈیا کے لئے پینل نے ٹاٹا گروپ کو منتخب کیا ہے۔ واضح رہے کہ جے آر ڈی ٹاٹا نے 1932 میں ٹاٹا ایئر لائنس کا قیام کیا تھا۔ اب 68 سال بعد واپس ایئر انڈیا کو ٹاٹا گروپ نے سب سے زیادہ بولی لگاکر خرید لیا ہے۔
قومی کیریئر ایئر انڈیا کو بیچنے کی یہ تیسری کوشش ہے اور اس بار مرکز مکمل طور پر فیصلہ لے چکا ہے۔ گزشتہ 21 سالوں سے اسے بیچنے کی کوششیں جاری تھیں۔ اس درمیان بہت سی حکومتیں آئیں اور گئیں لیکن اسے فروخت نہیں کر سکی تھیں۔