
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ انصارالاسلام کو پرائیویٹ ملیشیا کہتے ہیں تو ٹائیگرفورس کیا ہے جو کہ ڈنڈے تیارے کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حکومت میں ہونے کی وجہ سے ان کے چونچلے ہیں، حکومت کے ختم ہونےکی دیر ہے اس ٹائیگر فورس کو 3 دن میں گیدڑ فورس نہ بنایا تو ہمارا نام بدل دینا۔
مسلم لیگ ن کے زیر انتظام ہونے والے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے سابق چیف جسٹس سے متعلق کہا کہ اب اگر وہ کسی تقریب میں شریک ہوں تو لوگ ان سے ہاتھ نہیں ملاتے نفرت کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے موجودہ حکومت کے ساتھ ملکر ایک سازش کے تحت نوازشریف کو نااہل کیا اور حکومت سے علیحدہ کیا تھا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا بتایا جائے وہ کہاں ہیں، انہیں بس ایک بات آتی ہے میں اس کو نہیں چھوڑوں گا میں اس کو نہیں چھوڑوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 4 سال میں ایسی پالیسیاں بنائی گئیں جس سے عام آدمی کا جینا مشکل نہیں ناممکن ہو گیا ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ عدم اعتماد مسلم لیگ ن یا پی ڈی ایم نہیں بلکہ عوام لائے ہیں کیونکہ ہم جب بھی کہیں جاتے تو لوگ ہم سے پوچھتے تھے کہ اس نااہل ٹولے سے ہماری جان کب چھڑائیں گے۔ عدم اعتماد ایک جمہوری طریقہ ہے مگر اس میں بھی رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں لوگوں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرانے کیلئے ٹائیگر فورس موجود ہے جو کہ ڈنڈے تیار کر رہی ہے ان کو آنے دیں ہم ان کے ڈنڈوں پر انہیں بٹھا دیں گے شیخ رشیدنے جے یو آئی کے ایم این ایز کو گرفتار کرایا اور پارلیمنٹ لاجز پر حملہ کیا گیا ہے۔ انصارالاسلام کو پرائیویٹ ملیشیا کہا جاتا ہے تو بتایا جائے کہ یہ ٹائیگر فورس کیا ہے؟
رانا ثنا اللہ نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت جانے کی دیر ہے 3 دن میں اس ٹائیگر فورس کو گیدڑ فورس بنا دیں گے اگر ایسا نہ ہوا تو ہمارا نام بدل دینا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/tiger-force-rana-snaaa.jpg