
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے پیٹرول کی قیمت بڑھنے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کیلئے یہ سال بھی مکمل کرنا مشکل ہے، یہ آج گئی یا کل گئی۔
مریم نواز شریف نے اپنی رہائش گاہ جاتی امراء میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پیٹرول مافیا سے گھرے ہوئے ہیں اور عوام کے پیسوں سے ان کی جیبیں بھری جارہی ہیں، موجودہ دور حکومت میں ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوچکا ہے، ملک میں بہت سے لوگوں کی آمدن ماہانہ 20 ہزار سے بھی کم ہے ہر کسی کے پاس ایسی اے ٹی ایمز نہیں ہوتی جیسی عمران نیازی کے پاس ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کا کچن کو اے ٹی ایمز چلاتی ہیں، پنڈورا لیکس میں تو عمران خان کی اپنی اے ٹی ایم کا نام بھی سامنے آگیا ہے، جتنی اذیت اور تکلیف موجودہ حکومت نے عوام کو دی ہے اس کا ازالہ کسی صورت بھی نہیں کیا جاسکتا، لوگ بجلی اور گیس کے بل کہاں سے بھریں، عوام جھولیاں اٹھا اٹھا کر عمران خان کو بددعائیں دے رہے ہیں؟
لیگی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت کا کچھ پتا نہیں ہے کہ یہ آج گئی یا کل گئی، 2023 تو دو ر کی بات ہے اس حکومت سے 2021 کا سال مکمل کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے، ان کی دوڑیں لگی ہوئی ہیں ہمیں سب نظر آرہا ہے نوشتہ دیوار کو پڑھنا مشکل نہیں ہے، پی ڈی ایم اور ن لیگ نے تو ابھی لانگ مارچ کا اعلان بھی نہیں کیا حکومت نے خود اپنے خلاف لانگ مارچ کی تیاری کرلی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5maryamkhan.jpg