
سینئر تجزیہ کار کامران خان نے کہا ہے کہ قوم منتظر ہے کہ فوجی قیادت جنرل عاصم منیر کی سربراہی اور سپریم کورٹ کی رہنمائی میں موجودہ نظام کو فارغ کردے۔
اپنے تازہ ترین وی لاگ میں کامران خان نے کہا ہے کہ کہنے کو پاکستان میں جمہوریت ہے مگر قومی اسمبلی کا وجود ایک مذاق سے کم نہیں، دوتہائی پاکستان پر محیط پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق عدالتی فیصلے کو 12 جماعتیں پی ڈی ایم حکومت نے مسترد کرتے ہوئے کسی بھی قیمت پر الیکشن نا کروانےکا اعلان کیا ہے۔
کامران خان نےکہا کہ یعنی نگراں حکومت کی صورت میں ملک کے دو بڑے صوبوں میں آئین کی پامالی جاری رہے گی، اگر واقعی ایسا ہے تو پھر اس جمہوری ڈھکوسلے کو جاری رکھنےکی کیا ضرورت ہے؟ اب جنگ ہے ملک کو بچانے کی، ہمیں ہر قیمت پر ملک کو معاشی ، سیاسی وسماجی بحران سے نجات دلانا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قو م نے اس وقت پاک فوج اور سپریم کورٹ سے امید لگالی ہے کہ دونوں ادارے ملک کو اس عذاب سے نکالیں، اب ایک ہی چارہ ہے کہ فوجی قیادت بغیر وقت ضائع کیے جنرل عاصم منیر کی سربراہی میں فیصلہ کرے، آئین کی پاسداری کیلئے سپریم کورٹ کی رہنمائی حاصل کرے اور موجودہ نظام فارغ کردیا جائے، کیونکہ اس حکومت نے ببانگ دہل صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات سے متعلق عدالتی حکم کو مسترد کردیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1632336544920125441
کامران خان نے کہاکہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ فوج کی مکمل حمایت اور سپریم کورٹ کی رہنمائی میں ایک غیر سیاسی ٹیکنوکریٹ حکومت قائم کی جائے ، یہ حکومت آئی ایم ایف حکومت سے معاہدہ مکمل کرے، عالمی برادری کا پاکستان پر اعتماد بحال کرے، اس عرصے میں سپریم کورٹ نیب قوانین میں موجودہ حکومت کی لائی تمام ترامیم مسترد کردے، تمام کرپشن کیسز بحال ہوجائیں اور جنرل (ر) نذیر بٹ کی قیادت میں احتساب کا نامکمل سفر دوبارہ سے شرو ع کرکے تکمیل کو پہنچا دے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/shahaahah.jpg