
حکومت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے ، منصوبے کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے اسپیکر ہاؤس میں اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں وفاقی کابینہ کے اراکین نے شرکت کی ، اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کے معاملے پر جلد قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں حکومتی اراکین نے عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کیلئے منصوبہ بندی بھی کی اور اپوزیشن کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکومتی اراکین نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ تحریک عدم اعتماد والے دن قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی اراکین کو شریک نہ ہونے کی ہدایات جاری کی جائیں گی اور ووٹنگ کے دوران صرف ایک حکومتی رکن اجلاس میں شریک ہوگا۔
حکومتی فیصلے کے مطابق منحرف حکومتی اراکین کو آرٹیکل 63 اے کے تحت ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس دن جو بھی حکومتی رکن پارلیمنٹ میں آئے گا اس کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی اسپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس کیلئے خط بھی تحریر کریں گے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروادی گئی ہے۔ اب اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14adamdetmadhikmatamli.jpg