
اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود بھی بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر عمران خان نے ردعمل دیا اور کہا کہ پی ڈی ایم (پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ) عوام سے خوفزدہ ہے اس لیے انتخابات سے فرار حاصل کر رہی ہے۔
بلدیاتی انتخابات سے متعلق دیئے گئے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کیے جانے اور اس پر حکومت کی جانب سے مختلف توجیہات پیش کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عمل نہ کرکے پھر ثابت کردیا کہ وہ امپورٹڈ حکومت اور اس کے سرپرستوں کی ٹیم ’بی‘ ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے خوفزدہ پی ڈی ایم کی حکومت ہر انتخابی میدان سے بھاگ رہی ہے۔ ووٹ کا حق بنیادی جمہوری اصول ہے اور پی ٹی آئی اس پر ثابت قدم ہے۔
https://twitter.com/x/status/1609069820783329282
سابق وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کو اس معاملے میں قصوروار ٹھہراتے ہوئے اسے موجودہ وفاقی حکومت اور اس کے لانے والوں کی 'بی' ٹیم قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ عدالت نے 31 دسمبر کو ہی بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے رکھا ہے تاہم وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی تھریٹ سمیت دیگر امور جن میں انتخابات کی تیاریاں بھی شامل ہیں ان کو پورا کرنے کیلئے کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔