
مسلم لیگ (ق) کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافے پر پریشان ہے، لگتا ہے حکومت سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کھو بیٹھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل کے پروگرام 'بریکنگ پوائنٹ ود مالک' میں ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ گزشتہ روز کےمسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ممبران نے مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ، عام آدمی پریشان ہے اس لیے ہمارے ممبران بھی پریشان ہیں۔
کامل علی آغا نے بتایا کہ گزشتہ روز پوری پارٹی نے پرویزالٰہی پر اعتماد کا اظہار کیا ، سیاسی منظر نامے پر مسلم لیگ (ق) پوری نظر رکھے گی، کسی بھی غیر معمولی سیاسی صورتحال میں پرویز الہٰی فیصلہ لینے میں بااختیار ہوں گے۔
انہوں نے کہا مسلم لیگ( ق )مہنگائی سمیت عوامی ایشوز پر اپنا موقف بھرپورر انداز سے بیان کرتی رہے گی، حکومت کو وفاق اور پنجاب میں ڈلیور کرنا ہوگا، عوامی مسائل پر مسلم لیگ( ق) خاموش نہیں رہ سکتی، عوام کے بنیادی ایشوز حل کرنے کے لئے حکومت توجہ دے،عوامی اور ملکی مفاد میں مسلم لیگ( ق) کا سیاسی کردار بھرپور ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے کچھ کرنا ہوتا ہے تووہ دنوں میں نہیں گھنٹوں میں فیصلہ کرتے ہیں،فیصلے ایک سے 2 ہفتوں کے دوران ہو جانے چاہئیں، فیصلوں میں ریاست کا دخل تو ہوتا ہی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی اتحادی جماعت ق لیگ نے حکومت سے پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/15kamilaliagha.jpg