
شاہزیب خانزادہ نے اپنے پروگرام میں کہا ہے کہ تحریک انصاف اور اس کی حامی جماعت کے پاس اکثریت ضرور ہے مگر پی ٹی آئی کےلوگ پرویز الہیٰ کو ووٹ نہیں دینا چاہتے اس لیے معاملہ بدل سکتا ہے مگر اہم بات یہ ہے کہ ابھی تک حمزہ شہباز کو بھی مطلوبہ نمبرز نہیں مل سکے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں میزبان نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی سیاست میں خرید و فروخت کے الزامات رک نہیں رہے ہیں. ن لیگ کے قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کوششیں جاری ہیں لیکن حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ بنانے کیلئے اب تک مطلوبہ تعداد کی حمایت حاصل نہیں ہوسکی۔
پروگرام میں سینئر صحافیوں اور تجزیہ کاروں ، حامد میر ، وسیم بادامی ودیگر نے گفتگوکی۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ حکومت نے سابق پولیس افسر آفتاب سلطان کو نیا چیئرمین نیب تعینات کردیا ہے. شہباز شریف اپنی حکومت میں آفتاب سلطان کو معاون خصوصی کا عہدہ دینا چاہتے تھے لیکن انہوں نے حکومتی عہدہ لینے سے انکار کردیا تھا۔
پروگرام میں کہا گیا کہ لاہور کے مال روڈ پر واقع ہوٹل میں تحریک انصاف کے اراکین موجود ہیں، حاضری رجسٹر کے مطابق پی ٹی آئی کو 186ارکان کا فگر حاصل ہوگیا ہے، پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ ایک سے دو آزاد ارکان بھی ان سے رابطے میں ہیں اس لیے پرویز الٰہی کو 185سے زیادہ ووٹ مل سکتے ہیں۔
حامد میر نے کہا کہ عمران خان کے دور میں چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں جو ہوا وہ آج وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن میں نہیں ہونا چاہئے. پرویز الٰہی کے پاس زیادہ ووٹ ہیں تو انہیں وزیراعلیٰ بننا چاہئے، حمزہ شہباز اکثریت نہ ہونے کے باوجود وزیراعلیٰ بن جاتے ہیں تو سیاسی استحکام پھر بھی نہیں آئے گا۔