
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے ایمپائر سے زبردستی آؤٹ لینے کی کوشش کرتے ہوئے ان کا ہاتھ پکڑ کر انگلی کھڑی کرنے کی کوشش کر ڈالی۔
تفصیلات کے مطابق مشہور قومی فاسٹ باؤلر حسن علی اپنی شرارتوں کی وجہ سے اکثر خبروں اور سوشل میڈیا پر چھائے رہتے ہیں ، اس بار پھر انہوں نے اپنی ایک شرارت سے لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کروالی ہے،واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔
یہ واقعہ دورہ سری لنکا کی تیاری کیلئے لگائے گئے قومی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں انٹر اسکواڈ میچ کے دوران اس وقت پیش آیا جب حسن علی نے آغا سلمان کو گیند کرواکے ایل بی ڈبلیو کی ایک زبردست اپیل کی مگر اس اپیل کو ایمپائر نے مسترد کردیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ حسن علی اپنی اپیل مسترد ہونے کے بعد ایمپائر کے قریب جاتے ہیں اور زبردستی ان کا ہاتھ پکڑ کر انگلی کھولنے اور آؤٹ کے اشارے میں کھڑی کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر ایمپائر ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہونے دیتے۔