
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے بھی حجاب کے معاملے پر عدالت عظمیٰ کا دروازہ کھٹکھٹانے والی طالبات کی درخواست کو نظرانداز کرتے ہوئے حجاب پر پابندی کیخلاف کیس میں مداخلت سے انکار کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرناٹک میں تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر پابندی کے خلاف مسلم طالبات کی درخواست پرسپریم کورٹ نے کیس میں مداخلت سے انکار کردیا۔ بھارتی سپریم کورٹ نے مسلمان طالبات کے وکیل سے کہا کہ آپ درخواست کی سماعت کے لئے اصرار نہ کریں، کرناٹک ہائیکورٹ کے لارجر بینچ کو کیس کی سماعت کرنے دیں۔
بھارتی سپریم کورٹ کے جسٹس نے ریمارکس میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ حجاب معاملے میں کیوں کو دے؟ ہائیکورٹ کو پہلے فیصلہ کرنے دیں۔ دیکھیں گے کہ آگے کیا کر سکتے ہیں۔ ان ریمارکس کے ساتھ بھارتی سپریم کورٹ نے حجاب معاملے پر مزید سماعت کے لیے تاریخ دینے سے بھی معذرت کر لی۔
یاد رہے کہ کرناٹک کے ایک کالج کی طالبہ نے تعلیمی اداروں میں حجاب پرپابندی کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ کیونکہ بھارتی ریاست کرناٹک میں تعلیمی اداروں کی جانب سے طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی لگائی گئی تھی جس کے بعد سے مسلم طالبات کی جانب سے احتجاج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مسلم طالبات نے پابندی کو غیرقانونی قرار دینے کے لیے کرناٹک ہائی کورٹ سے بھی رجوع کر رکھا ہے تاہم ہائیکورٹ میں یہ مقدمہ ابھی تک زیر سماعت ہے۔ جہاں دوسرے روز ہونے والی سماعت کے دوران سِنگل بینچ نے لڑکیوں کو حجاب پہن کر کالجوں میں جانے کی اجازت دینے کے عبوری احکامات پاس کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ عبوری ریلیف پر لارجر بینچ کو غور کرنا ہے۔
جب کہ اس سے قبل کرناٹک ہائیکورٹ میں باحجاب طالبات پر پابندی سے متعلق سماعت کے دوران کرناٹک میں انتہا پسندوں کی جانب سے عدالت پر دباؤ ڈالنے کے لیے مظاہرے کیے گئے تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/indian-scn11.jpg