
تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر خان ترین کے گروپ نے پنجاب اسمبلی میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے ق لیگ سے مدد مانگ لی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے اراکین اسمبلی نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی ، چوہدری پرویز الہیٰ نے اراکین سے جہانگیر ترین کی خیریت دریافت کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات کے بعد جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی بالخصوص پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر ہم خیال گروپ کے رہنماؤں نے چوہدری پرویز الہیٰ سے وزیراعلی عثمان بزدار کو ہٹانے کیلئے تعاون کرنے کی درخواست بھی کی۔
طاہر رندھاوا، نعمان لنگڑیال، عون چوہدری، عبدالحئی دستی، اجمل چیمہ عمران شاہ پر مشتمل اس وفد نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سے عثمان بزدار کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں ابھی تک عدم اعتماد کی تحریک جمع نہیں کروائی گئی ہے، دونوں فریقین کے درمیان رابطے بحال رکھنے پر اتفاق کیا گیا، چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں رابطے جاری رہنے چاہیے، ترین گروپ کے اراکین جلد چوہدری شجاعت حسین سے بھی ملاقات کریں گے۔
ملاقات کے دوران ترین گروپ کے اراکین کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام کے مفاد کیلئے سامنے آنا ہوگا، پنجاب مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے، ہم وزیراعلی عثمان بزدار کو نکالنے کیلئے نکلے ہیں ہمارا ساتھ دیا جائے۔