
تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے حامی ارکان کی ہونے والی ملاقاتوں میں آہستہ آہستہ تعداد کم ہونے لگی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ترین گروپ کے حالیہ 5 اجلاسوں میں راجہ ریاض سمیت کوئی رکن قومی اسمبلی شریک نہیں ہوا جب کہ حالیہ اجلاسوں میں ترین گروپ کے 10 ارکان پنجاب اسمبلی بھی شریک نہیں ہوئے۔
ترین گروپ کے اجلاسوں میں نہ آنے والےارکان میں ایم پی اے عمرآفتاب ،نذیربلوچ، امین چوہدری، افتخارگوندل، غلام الرسول سانگھا، قاسم لنگاہ اور آصف مجید شامل ہیں۔
ترین گروپ کے 5 ایم پی ایز وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرکے ان پر اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں جن میں فیصل جبوانہ، اسلم بھروانہ، عمر آفتاب اور خرم لغاری شامل ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز سے ملاقات میں ترین گروپ کے 7 ایم پی ایز شریک ہوئے۔
جب کہ اس سے قبل حمزہ شہباز خود بھی ترین گروپ کے ساتھ ملاقات کر چکے ہیں۔ اس ملاقات کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ترین گروپ نے ن لیگی وفد سے سیاسی مستقبل پر گفتگو کی اور کہا کہ ذہنی طور پر حکومت سے علیحدگی کے لیے تیار ہیں۔
دوران ملاقات ترین گروپ نے حمزہ شہباز سے مطالبہ کیا کہ ہمیں آئندہ انتخابات میں ٹکٹوں کی یقین دہانی کرائی جائے۔ ترین گروپ نے ن لیگی وفد کو بتایا کہ ملاقات کی تفصیل سے جہانگیر ترین کو آگاہ کریں گے، وہ جو بھی فیصلہ کریں گے وہ ہمیں منظور ہوگا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6tareengroup.jpg