
مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان چار سال کا حساب دے کہ اس نے ملک میں کیا کیا ہے، جو مداخلت سے آیا ہو وہ مداخلت کی بات ہی کرے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اس وقت مقبولیت یا سیاست کی بات نہیں ہے ملکی مفاد کی بات ہے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملکی معاملات کو ترجیح دی ہے، سب سے آسان کام تھا کہ ہم عمران خان کی حکومت کو تماشا دیکھتے رہے، ملکی معیشت کو اور ملک کو ڈوبتے ہوئے دیکھتے رہتے اور اپنی سیاست کو برقرار رکھتے۔
https://twitter.com/x/status/1532788598260506624
انہوں نے کہا مگر مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں نے ایک فیصلہ کیا اور اب ہم چار سال میں جو معیشت کی تباہی ہوئی اس کے استحکام کیلئے مشکل فیصلے کررہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، ہمیں ایسے مشکل فیصلے کرکے لوگوں کو عالمی اداروں کو اور پاکستان کے دوست ممالک کو اعتماد دینا پڑے گاتاکہ ملکی حالات کو بہتر کیا جاسکے۔
شاہد خاقان عباسی نےکہا کہ اس وقت ملک میں غیر معمولی حالات ہیں، اس وقت ملکی ضرورت یہ ہے کہ ہم ان مسائل کو حل کریں، یہ سیاست کا وقت نہیں ہے ، عمران خان جو کچھ کررہے ہیں اس سے انہیں کچھ نہیں ملے گا، اگر ملکی مسائل کا حل مداخلت میں ہے تو بالکل مداخلت ہوجائے، مجھے اس کی پرواہ نہیں ہے، میں سیاسی مفاد کیلئے سیاست نہیں کرتا بلکہ میں ملک کے مفاد کیلئے سیاست کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت نے ہمیشہ یہ ثابت کیا ہے کہ ہم نے مشکل فیصلے کرکے ملک کو استحکام دیا ہے، عمران خان کو نکلے ہوئے چھ ہفتے نہیں ہوئے، ان کی ہر بات اپنی ذات ، اپنے سیاسی مفاد اور کھوئی ہوئی حکومت کے رونے دھونے کیلئے ہے، اس وقت ایک ہی راستہ ہے کہ یہ اتحادی حکومت مشکل فیصلے کرے، ملک کو استحکام دے اور پھر مدت پوری کرکے الیکشن کروائے۔
ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر عمران خان ملک میں نفاق ڈالنے، ملک میں خانہ جنگی کی دھمکیاں دیں گے یا ملک پر قبضہ کرنے کی کوشش کریں گے تو پھر ریاست کو ایکشن میں آنا ہوگا اور ریاست ایکشن لے گی کیونکہ ریاست یہ سب برداشت نہیں کرسکتی، اگر ملکی مسائل ایک دوسرے کو گالیاں دینے سے حل ہوتے ہیں تو میں بھی خوشی سے اس پر تیار ہوجاتا ہوں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/shahid-khaqan-absi%20ddn.jpg