
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں اعلان کردہ 9اعشاریہ 7 ارب ڈالر میں سے 8 ارب قرض ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کررہے تھے جب ایک صحافی نے ان سے جنیوا کانفرنس میں اعلان کردہ امداد سے متعلق سوال کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر 9 اعشاریہ 7 ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا گیا اس میں سے پروجیکٹ لونز کی رقم 8 ارب ڈالر سے زائد ہے، اگر سعودی ڈویلپمنٹ بینک کے ایک ارب ڈالر بھی اس میں شامل کرلیں تو مجموعی طور پر قرض کی رقم 9 ارب ڈالر سے زائد بنتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے کہا ہے کہ قرض کتنا ہے امداد کتنی ہے اس معاملے میں پڑنے کے بجائے ہمیں متاثرین کی بحالی پر توجہ دینی چاہیے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل جنیوا میں ہونے والی عالمی ڈونرز کانفرنس میں مختلف ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 9اعشاریہ 7 ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا گیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ishai11h1h1.jpg