"جنگ کوئی فٹ بال میچ نہیں" — فاطمہ بھٹو بھارتی فنکاروں پر برس پڑیں
سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی پوتی اور معروف مصنفہ فاطمہ بھٹو نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر خوشیاں منانے والے بھارتی فنکاروں کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں فاطمہ بھٹو نے بھارتی عوام اور فنکاروں کے رویے پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے بالخصوص اداکارہ کاجول کی اس پوسٹ کو نشانہ بنایا جس میں کاجول نے بھارتی افواج کا شکریہ ادا کیا تھا۔
فاطمہ بھٹو نے کاجول کی پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے لکھا:
"جس طرح یہ سب جنگ پر خوشیاں منا رہے ہیں، لگتا ہے جیسے یہ کوئی جنگ، موت یا تباہی نہیں بلکہ صرف ایک فٹ بال میچ ہو۔"
ان کا یہ ردعمل پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جس میں بھارتی سوشل میڈیا صارفین اور فنکاروں کی جانب سے جنگی کارروائیوں پر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جسے بھارت نے دہشت گردی قرار دے کر 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستانی حدود میں میزائل حملے کیے۔ ان فضائی حملوں میں 31 بے گناہ پاکستانی شہری شہید اور 57 زخمی ہو گئے تھے۔
Last edited by a moderator: