
امریکی نیوز چینل سی این این نے سابق گورنر نیویارک اینڈریو کیومو پر جنسی ہراسانی کے کیس کی تحقیقات کے بعد اپنے چینل کے پرائم ٹائم اینکر کرس کیومو کو شو سے ہٹا کر آف ایئر کر دیا۔
سی این این کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قانونی دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ اینکر پرسن کرس کیومو نیویارک کے سابق گورنر اینڈریو کیومو کے بھائی ہیں اور انہوں نے اپنے بھائی پر لگے جنسی ہراسانی کے الزامات سے نکلنے میں ان کی مدد کی ہے۔
سی این این کا کہنا ہے کہ کرس کیومو کے خلاف اپنے بھائی کا دفاع کرنے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ نیو یارک اٹارنی جنرل کے دفتر سے دستاویزات جاری ہوئی ہیں جو کرس کیومو کی اپنے بھائی کا دفاع کرنے سے متعلق ثبوت کے طور پر کافی ہیں۔ وہ دستاویز جو ریلیز ہونے سے پہلے ہمارے سامنے نہیں آئیں انہوں نے نئے سوالات کو جنم دیا ہے۔
سی این این کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چینل انتظامیہ سمجھتی ہے کہ اینکر کرس کیومو نے اپنے بھائی اینڈریو کیومو کی مدد کر کے اپنے خاندان کو نوکری پر ترجیح دی ہے۔ دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ اینکر پرسن نے اپنے بھائی کے دفاع کی کوششوں میں بڑا کردار ادا کیا جس کا ہمیں بالکل بھی علم نہیں تھا۔
کرس کیومو کو ہٹائے جانے کے بعد گزشتہ روز ان کا پروگرام عارضی طور پر اینڈرسن کوپر نے کیا، تاہم چینل انتظامیہ نے یہ نہیں بتایا کہ یہ شو آنے والے دنوں میں کون کرے گا۔
یاد رہے کہ نیویارک کے سابق گورنر اینڈریو کیومو سابق ملازمین سمیت دیگر خواتین کو ہراساں کرنے کے الزامات کا کئی مہینوں سے مقابلہ کر رہے تھے۔ جس پر انہوں نے رواں سال اگست میں اپنے عہدے سے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔ تاہم اکتوبر کے مہینے میں ان پر ایک بار پھر سے الزام لگا تھا کہ انہوں نے اپنی ایک خاتون اہلکار کو زبرستی چھوا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/cnn-fired11-.jpg