سینئر صحافی عمران ریاض خان اور مشیر اینٹی کرپشن کے پی کے مصدق عباسی کے خلاف شہری کو ہراساں کرنے اوربلیک میل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد سرکل نے یہ مقدمہ شہری احمد صدیق کی مدعیت میں درج کیا ہے جس میں عمران ریاض خان اور کے پی کے کے مشیر اینٹی کرپشن مصدق عباسی کو نامزد کرکے کہا گیا ہے کہ ملزمان نے شکایت کنندہ کو بلیک میل کرنے کیلئے مہم چلائی۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان نے سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف ایک منفی بیانیہ پیش کیا اور درخواست گزار کے جوڈیشری کے ممبر چچا پر کرپشن کے الزامات لگائے، شہری کی شکایت پر انکوائری کی گئی تو ملزمان واردات میں ملوث پائے گئے۔
صحافی زبیر علی خان نے اس معاملے پرتبصرہ کرتے ہوئے اسے جج ہمایوں دلاور کے اسکینڈل سے جوڑتے ہوئے کہا کہ عمران ریاض خان کے خلاف ہمایوں دلاور کے چچا کی ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق تحقیقات کی سٹوری کرنے پر ایف آئی اے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔