جبران ناصر کو رہا کیا جائے!امید ہے آپ جلد بحفاظت اپنے گھر لوٹیں گے!: عثمان خالد بٹ
پاکستان میں انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والے معروف وکیل جبران ناصر کو گزشتہ روز مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا تھا۔ جبران ناصر کی اہلیہ معروف اداکارہ منشا پاشا کی طرف سے ان کے اغوا کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ منشا پاشا کا کہنا تھا کہ ہم اپنے گھر جا رہے تھے جب ایک سفید ٹویوٹا ہائی لیکس اور ایک سلور کرولا گاڑی نے ہمارا راستہ روکا۔
سول کپڑوں میں ملبوس ہتھیاروں سے لیس 10 سے 15 افراد جبران کو گاڑی میں ڈال کر فرار ہو گئے، ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
جبران ناصر کے مبینہ اغوا کے بعد پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات کی طرف سے اظہار تشویش کرنے کے ساتھ ان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ جبران ناصر کے مبینہ اغواء پر معروف ڈرامہ اداکار عثمان خالد بٹ نے منشا پاشا کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ: جبران ناصر کو رہا کیا جائے!امید ہے آپ جلد بحفاظت اپنے گھر لوٹیں گے!
نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی کے والد ضیاء الدین یوسف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ: انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والے جبران ناصر کا مبینہ اغوا افسوسناک ہے، انہوں نے ہمیشہ اپنے لوگوں کیلئے آواز بلند کی۔ جبران ناصر کی رہائی کیلئے ہمیں منشا پاشا کے ساتھ کھ ساتھ کھڑے ہو کر جبران ناصر کی رہائی کیلئے مہم چلانی چاہیے!
معروف مزاح نگار علی گل پیر نے ہیش ٹیگ "جبران ناصر کو رہا کرو" کے ساتھ اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ: جبران ناصر ہمیشہ سیلاب زدگان کی مدد سے لے کر بہت سے ضرورت مندوں کو قانونی مدد فراہم کرتے رہے ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں! اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ان کیلئے اپنی آواز بلند کریں۔
معروف اداکار اسامہ طاہر نے اسامہ پاشاکے بیان کو اپنی انسٹاسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ: پلیز جبران ناصر کی جلد سے جلد محفوظ واپسی کیلئے دعا کریں۔ عالمی شہرت یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے نے انسٹاگرام سٹوری پر لکھا کہ: انہوں نے سب کو خاموش کر دیا ہے، اب کوئی نہیں بچا۔ پاکستان فلم انڈسٹری سے ہانیہ عامر، نمرہبُچا اور عدنان ملک کے علاوہ دیگر شوبز شخصیات نے بھی منشا پاشا کی ویڈیو کو شیئر کر کے اظہار یکجہتی کیا۔
منشا پاشا کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ جبران ناصر پاکستانیوں کے قانونی وآئینی حقوق کیلئے آواز اٹھانے والوں میں شامل ہیں، جبران ناصر کی رہائی کیلئے آواز اٹھائی جائے اور خیریت سے گھر آنے کیلئے دعا کریں۔ جبران ناصر ملک کے شہریوں کے قانونی وآئینی حقوق کیلئے آواز اٹھانے والوں میں توانا آواز ہیں۔ 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کے طریقہ کار پر بھی سوال اٹھاتے رہے ہیں۔