
وزارت برائے سمندر پار پاکستانی وانسانی وسائل کے ماتحت ادارے اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) نے جاپان کے سرکاری سکولوں میں انگریزی کی تعلیم دینے کے لیے پاکستان سے اساتذہ بھیجنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
پرو پاکستانی نامی نجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ انگریزی زبان میں تعلیم دینے کے لیے جاپان کو فوری طور پر 30 معاون اساتذہ کی ضرورت ہے جس کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جاپان میں انگریزی زبان کی تعلیم دینے کے لیے 30 معاون اساتذہ کی اہلیت کا معیار بیچلر ڈگری یا اس کے مساوی تعلیم اور کم سے کم 1 سالہ تجربہ رکھا گیا ہے جبکہ عمر کی حد 24 سے 45 سال کے درمیان مقرر کی گئی ہےجبکہ نوکری کے لیے جنس کی تمیز نہیں کی گئی، مرد یا عورت کوئی بھی معاون استاد کی نوکری کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان سے جاپان جا کر انگریزی کی تعلیم دینے والے اساتذہ کو تقریباً 4 لاکھ روپے (22 ہزار ین ) تک تنخواہ کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹیشن مفت فراہم کی جائے گی۔ ملازمت کانٹریکٹ بیس ہو گی جس کے لیے اساتذہ سے 7 اپریل 2025ء سے 24 مارچ 2026ء تک کے لیے 1 سالہ معاہدہ کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق درخواست دہندہ کا مجرمانہ ریکارڈ نہ ہونا بھی ملازمت کی شرط میں شامل ہے جس کے ساتھ ساتھ میڈیکل سرٹیفکیٹ دینے کے علاوہ مالی استحکام ظاہر کرنا ہو گا۔ جاپان میں ذاتی رہائش کیلئے درخواست گزار کے پاس پرواز کے اخراجات کے علاوہ کم سے کم 10 لاکھ روپے (6 لاکھ ین) یا مشترکہ رہائش کیلئے 5 لاکھ روپے (3 لاکھ ین) ہونے چاہئیں۔
درخواست گزاروں کو اپنی سی وی کے ساتھ اپنی تعارفی ویڈیو بھی شامل کرنی پڑے گی جس کا دورانیہ 3 منٹ رکھا گیا ہے اور پاکستان میں M/s Borderlink کے تربیت سیشن میں شرکت کرنا ضروری ہو گا اور جاپان میں 31 مارچ 2025ء تک اپنے تعیناتی کے مقام پر پہنچنا ہو گا۔ درخواست دہندگان ذاتی رہائش کیلئے 2لاکھ 50ہزار سے 3 لاکھ 50 ہزار ین تک اپارٹمنٹ اخراجات پورا کرنا ہوں گے۔
مشترکہ رہائش اختیار کرنے کے خواہش مند درخواست دہندگان کو شروعاتی تاریخ سے کم سے کم 1 سال تک کیلئے ہائوسنگ شیئر کرنے پر رضامندی ظاہر کرنا ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق ان ملازمتوں کے لیے ایسے درخواست دہندگان کو ترجیح دی جائیگی جو بنیادی جاپانی مہارتوں ومتعلقہ سرٹیفیکیشنز جیسے مقامی تدریسی سرٹیفکیٹ، TESOL ، TOEFL اور CELTA کے کی تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ معاون استاد کی ملازمت میں دلچسپی رکھنے والے امیدوار اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کی ویب سائٹ https://oec.gov.pk پر درخواست فارم بھر سکتے ہیں۔
درخواست گزاروں کو تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لیے یو اے این نمبر 0311-0011-632جاری کیا گیا ہے جبکہ او ای سی ہیلپ ڈیسک کے علاوہ ای میل [email protected]پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ آن لائن درخواست فارم کے ساتھ 1 ہزار روپے کا بینک چالان جمع کروانا ہو گا جبکہ درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 5 اگست 2024ء مقرر کی گئی ہے۔