تیسرے امریکی صدر کے استعمال میں رہنے والا قرآن مجید دبئی ایکسپو میں پیش

XXz83zc.jpg


امریکہ کے تیسرے صدر تھامس جیفرسن کے پاس رہنے والا قرآن مجید کا تاریخی نسخہ دبئی ایکسپو 2020 میں امریکی پویلین میں عام لوگوں کے دیکھنے کے لیے رکھا گیا ہے۔ سابق امریکی صدر نے قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے دوران قرآنی نسخہ حاصل کیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اس تاریخی نسخے کو واشنگٹن میں امریکی کانگریس کی لائبریری سے کسی عالمی نمائش میں بھیجا گیا ہے۔ قرآن کے تاریخی نسخے کو ایک خصوصی طور پر تیار کیے گئے لکڑی کے باکس میں واشنگٹن میں کانگریس کی لائبریری سے بھیجا گیا ہے۔

دو جلدوں پر مشتمل اس تاریخی ایڈیشن کا انگریزی ترجمہ1734 میں جارج سیل نے کیا تھا۔ تاریخی قرآنی نسخے کو واشنگٹن سے دبئی میں جاری عالمی ایکسپو 2020 تک پہنچانے کے لیے خصوصی سکیورٹی اسٹاف متعین کیا گیا۔
امریکہ کے صدر تھامس جیفرسن دو بار امریکی صدر منتخب ہوئے وہ 1801 سے 1809 تک برسر اقتدار رہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان کے پاس رہنے والا یہ قرآن کا یہ نسخہ انہوں نے تب حاصل کیا جب وہ قانون کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔

دبئی ایکسپو میں امریکی پویلین نے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ یہ نسخہ امریکہ کے پویلین میں رکھا گیا ہے جس کے تھیم کا عنوان ہے "زندگی، آزادی اور مستقبل کے لیے"۔