
تھائی لینڈ نے فری لانسرز کو اپنے ملک میں 6 ماہ تک قیام اور کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم جن ممالک کو اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے ان میں پاکستان شامل نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ نے اپنے ملک میں سیاحت کو مزید فروغ دینے اور معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے فری لانسرز کو اپنے ملک میں 6 ماہ تک قیام اور کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں 93 ممالک کے شہریوں کو ویزوں کے اجراء کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
ان 93 ممالک کے پاسپورٹس رکھنے والے باشندے تھائی لینڈ کے "ڈیسٹی نیشن تھائی لینڈ" نامی اس ویزے کے ذریعے 6 ماہ تک بطور فری لانسر تھائی لینڈ میں نا صرف قیام کرسکتے ہیں بلکہ کام بھی کرسکتے ہیں۔
تھائی لینڈ حکومت کی جانب سے جاری کردہ یہ ویزہ پانچ سال تک کارآمد ہوسکتا ہے، جس کے تحت کم از کم 20 سال کی عمر والے افراد اس ویزے کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں، ویزے کی فیس 291 ڈالر مقرر کی گئی ہے، ویزے کے حصو کے خواہش مند افراد کو ملازمت کے معاہدے کے علاوہ 14 ہزار ڈالر کی مالی حیثیت کا ثبوت بھی پیش کرنے کی شرط ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے تحت اب تک 1200 ویزے جاری کیے جاچکے ہیں، تاہم پاکستانیوں کیلئے بری خبر یہ ہے کہ جن 93 ممالک کے فری لانسرز کیلئے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے ان میں پاکستان شامل نہیں ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12tajilandkjsjkdjjd.png