
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ ہم تمام تر تحفظات کے باوجود جس کو جو مینڈیٹ ملا ہے اس کو تسلیم کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام تر تحفظات کے باوجود جس کا جو جنرل مینڈیٹ ہے اس کو تسلیم کرتے ہیں مگر جماعت اسلامی اگر ایک بڑی جماعت بن کر سامنے آگئی ہے تو آپ نمبرز کو آگے پیچھے کرکے اس کا سائز کم کرنے کی کوشش کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ساری باتیں کی ہیں، سعید غنی نے یقین دہانی کروائی ہےکہ معاملات کے حل کیلئے جہاں بھی یہ کردار ادا کرسکے ضرور کریں گے،میں ان سے امید رکھتا ہوں کہ ایسا ہی ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے ہمارے جو بھی تحفظات تھے وہ ہم نے پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کے دوستوں کو بتادیئے ہیں،مجھے امید ہے کہ سعید غنی بھائی اور ان کی پوری ٹیم اس معاملےکو دیکھے گی اور مسائل حل ہوں گے، ہم اس کا انتظار کریں گے اورجب مسائل حل ہوں گے تو بات چیت آگے بڑھے گی۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی میں امن، استحکام اور خوشحالی لائے گی۔حکمرانوں نے ملک کو معاشی ہی نہیں سیاسی اور اخلاقی لحاظ سے بھی دیوالیہ کر دیا، پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی آئندہ سو سال بھی اقتدار میں رہیں تو بہتری نہیں آئے گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/hafiz11n1n1.jpg