
مسلم لیگ ق کی قیادت نے شہباز شریف کی جانب سے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں ساتھ دینے سے متعلق درخواست پر صلاح مشورے کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے آج لاہور میں چوہدری برادران کی رہائش گاہ پر ق لیگ کی قیادت سے ملاقات کی ، اس موقع پر انہوں نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔
خبررساں ادارے ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران شہباز شریف نے چوہدری برادران سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف پیش کی جانے والی عدم اعتماد کی تحریک میں حمایت کی درخواست کی جس پر ق لیگ کی قیادت نے جواب دینے سے پہلے صلاح مشورے کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ن لیگ اور ق لیگ کی قیادت میں فاصلے 14 سال بعد ختم ہوئے اور آج ہونے والی یہ اہم ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہی جس میں عدم اعتماد کی تحریک سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
میاں شہباز شریف نے چوہدری برادران سے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس چکے ہیں ان حالات میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناگزیر ہوچکی ہے ۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ملکی مفاد میں جو بھی فیصلہ ہوگا ق لیگ وہی فیصلہ کرے گی، تاہم فیصلے کیلئے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی جائےگی اس کے بعد ہی جواب دیا جائے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6sschmeetis.jpg