
حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریکوں سے متعلق نمبرز گیم شروع ہوگئی ہے، اس حوالے سے تحریک انصاف کے ناراض اراکین سے متعلق رپورٹ بھی شہباز شریف کو پیش کردی گئی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ سے لاہور ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے متعلق گفتگو ہوئی اور تحریک انصاف کے ناراض اراکین کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر راناثنا اللہ نے شہبا زشریف کو تحریک انصاف کے سرگودھا ڈویژن، راولپنڈی ڈویژن اور جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ناراض اراکین سے متعلق رپورٹ پیش کی، اور شہباز شریف کو تحریک انصاف کے ناراض اراکین سے متعلق گارنٹی بھی دی۔
رانا ثنا اللہ نے شہباز شریف کو ان اراکین اسمبلی کی بھی فہرست دی جو اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک کے دوران ووٹنگ میں حصہ نہ لینے اور اس سے لاتعلق رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
شہباز شریف نےعدم اعتما د کی تحریکوں کو کامیاب بنانے کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے بھی تیز کردیئے ہیں، اس سلسلے میں انہوں نے جمیعت اہلحدیث کے امیر مولانا ساجد میر سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور عدم اعتماد کی تحریکوں سے متعلق گفتگو کی۔
اس موقع پر شہبا زشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کھوکھلے لیکچروں کو حقائق منہ چڑھارہے ہیں۔
واضح رہے کہ اپوزیشن کی جماعتوں نے حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے منصوبہ بندی کرلی ہے جس میں حکومت کے خلاف مرحلہ وار عدم اعتماد کی تحریکیں لائی جائیں گی، سب سے پہلے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد لائی جائے گی جس کے بعد وزیراعلی پنجاب کانمبر آئے گا اور آخری مرحلے میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جائے گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/im-rana-shah112.jpg