
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ممکنہ تحریک عدم اعتماد سے بچنے کیلئے ہاتھ پاؤں مارنے لگے اور مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے متوقع تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کیلئے پیپلزپارٹی، جے یو آئی اور بی این پی مینگل سے رابطے کئے اور تعاون کی درخواست کی ۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی ف اور اخترمینگل گروپ نے پارٹی سطح پر مشاورت کیلئے مہلت مانگی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ صادق سنجرانی آصف زرداری سے ملاقات کے خواہشمند ہیں، صادق سنجرانی نے باہمی دوستوں کے زریعے پیپلزپارٹی قیادت کو مفاہمت کے پیغامات بھجوائے ہیں تاہم پی پی قیادت نے صادق سنجرانی کے پیغامات کا کوئی جواب نہیں دیا۔
ذرائع کے مطابق صادق سنجرانی جلد خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی دیگر جماعتوں سے رابطے کر کے تعاون کی درخواست کریں گے جبکہ صدر عارف علوی کے ذریعے تحریک انصاف سے بھی رابطہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے صادق سنجرانی کی حمایت سے ہاتھ کھینچ لئے ہیں جس کی وجہ سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری اور سیف اللہ نیازی کے گھر چھاپہ ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق صادق سنجرانی نے اعظم سواتی کی گرفتاری پر کوئی ایکشن نہیں لیا اور نہ ہی اس کی مذمت کی کیونکہ صادق سنجرانی چاہتے تو اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرسکتے تھے۔
خیال رہے چیرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ریکوزیشن تیار ہے، پیپلزپارٹی، ن لیگ عدم اعتماد کی ریکوزیشن پر دستخط کر چکی ہے۔اس سے قبل صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوچکی ہے جبکہ سینٹ الیکشن 2020 میں صادق سنجرانی اکثریت نہ ہونے کے باوجود چئیرمین سینٹ بنے تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/no-cnsad.jpg