
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد سے متعلق اہم بیان جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے موجودہ سیاسی صورتحال میں ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے انتخاب یا عدم اعتماد سے الیکشن کمیشن کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ اس کارروائی میں اسپیکر قومی اسمبلی بطور پریزائیڈنگ آفیسر فرائض سرانجام دیتے ہیں اسمبلی کے اندر کی اس ساری کارروائی سے الیکشن کمیشن کا کوئی تعلق نہیں ۔
الیکشن کمیشن نے اعلامیہ میں کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات سے بخوبی واقف ہے،اوراپنے فرائض آئین و قانون کے مطابق سرانجام دے رہا ہے،عدم اعتمادیاوزیراعظم کے انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن کو اختیار دینے کیلئے قانون سازی کرنا ہوگی۔
الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی پالیسی سے انحراف کی صورت میں ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی سے متعلق آئین میں واضح طور پر قانون موجود ہے، آئین کے آرٹیکل 63 اے کے مطابق پارٹی کاسربراہ پہلے متعلقہ رکن کو اپنا موقف پیش کرنےکی اجازت دے گا،اس رکن کو سننے کے بعد پارٹی کا سربراہ اس رکن کے انحراف سے متعلق ڈیکلریشن دے سکے گا۔
اعلامیہ کے مطابق اس ڈیکلریشن کے موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن 30 روز کے اندر اس معاملے کو نمٹانے کا پابند ہوگا، تاہم الیکشن کمیشن کی کارروائی پارٹی سربراہ اور اسپیکر اسمبلی کےڈیکلریشن کے بعد شروع ہوگی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5ecpncmwazahat.jpg