
خیبر پختونخوا کے گورنر غلام علی نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے کچھ اراکین اسمبلی میرے ساتھ رابطے میں ہیں، ان لوگوں کا موقف ہے کہ ملک میں علیحدہ علیحدہ انتخابات نہیں ہونے چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کالج میں منعقد کی گئی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے انتخابات کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی اور کہا کہ میں نے الیکشن کمیشن کو صوبائی حکومت کے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، سپریم کورٹ نے تو الیکشن کا حکم دیدیا تاہم الیکشن کمیشن اور حکومت کے پاس انتخابات کروانے کیلئے وسائل نہیں ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1636379301892493312
انہوں نے مزید کہا کہ 2 دن پہلےمجھ سے پی ٹی آئی کےاراکین قومی اسمبلی نے رابطہ کیا کہ الگ الگ انتخابات منعقد نا کروائے جائیں ، میں نے پوچھا آپ کہاں سے بات کررہے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ زمان پارک سے، جس پر میں نے کہا کہ آپ 2 قدم اندر جاکر ان سے بات کریں۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ لاہور میں عدالتی حکم پر عمران خان کی گرفتاری کی کوشش کی جارہی ہے، عدالتی فیصلوں پر ایسی صورتحال پیدا کرنا اچھی بات نہیں ہے ، کوئی بھی سیاسی جماعت اگر عدالتی فیصلوں پر ایسے ردعمل دے گی تو میرے خیال میں یہ تو اس ملک کیلئے بہت زیادہ اچھا نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات کو عدالتوں کے سامنے لے جانے کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کرحل کرنا ہوں گے، ہمیں ملکی فیصلے ریاست کو مدنظر رکھ کر کرنے ہوں گے
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/khatkahaia.jpg