
سرگودھا کے علاقے خوشاب روڈ پر بے پڑے مبینہ بھکاری کی جیب سے 5 لاکھ روپے سے زیادہ رقم برآمد ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سرگودھا کے علاقے خوشاب روڈ پر ایک شخص کے بے ہوشی کی حالت میں پڑے ہونے کی اطلاع ریسکیو حکام کو موصول ہوئی تھی جسے ابتدائی طبی امداد دینے کے لیے ریسکیو 1122 کا عملہ وہاں پہنچا تھا۔ ریسکیو عملے نے مبینہ بھکاری کی جیبیں چیک کیں تو اس میں سے 5 لاکھ 34 ہزار روپے سے زیادہ نقدی کے ساتھ پاسپورٹ بھی نکل آیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہر شاہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مشتاق نامی مبینہ بھکاری کے پاسپورٹ پر سعودی عرب کے ویزے لگے ہوئے تھے جن پر وہ کئی دفعہ سفر بھی کر چکا ہے۔ مشتاق کو ریسکیو عملہ نے فوری طور پر طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچایا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا اور ریسکیو عملے نے اس کا پاسپورٹ اور رقم اسے واپس لوٹا دی۔
مظہر شاہ کا کہنا تھا کہ اہل علاقہ نے بتایا ہے کہ مشتاق نامی مبینہ بھکاری یہاں پر بھیک مانگتا ہے اور مبینہ طور پر بھیک مانگنے والے ایک پروفیشنل گروہ سے تعلق رکھتا ہے جو سعودی عرب بھیک مانگنے کے لیے جاتے ہیں اور واپس آ جاتے ہیں۔ ہمارے عملے نے انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جہاں پر انہیں طبی امداد دی گئی اور ڈسچارج ہونے کے بعد ان کی رقم انہیں واپس کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے امیگریشن کی ایک کارروائی کے دوران چند دن پہلے سعودی عرب جانے والی پروازوں سے بھیک مانگنے کی غرض سے جانے والی 8 خواتین کو ملتان ایئرپورٹ سے آف لوڈ کیا گیا تھا۔ بھیک مانگنے کیلئے جانے والی یہ خواتین 2 مختلف پروازوں سے سعودی عرب جا رہی تھیں جن سے 200 ریال فی کس بھی برآمد ہوئے تھے اور ان کا تعلق بہاولنگر سے بتایا گیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/pKc7R0j/8bhikarilkskldk.png