
روزنامہ جنگ سے منسلک صحافی عمر چیمہ کی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ محمد جاوید نامی ایک بے گھر پاکستانی جو کہ یہاں کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کر رہا ہے اس کے سوئس بینک میں دو اکاؤنٹس ہیں جن میں موجود رقم چار ارب روپے کے لگ بھگ ہے۔
جاوید سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ وہ کبھی پاکستان سے باہر نہیں گیا اور اس کا یہاں بھی کسی بینک میں کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔ اس نام کا کوئی شخص ایف بی آر کے سسٹم میں بھی موجود نہیں۔ تاہم سوئس بینک میں اس کا اکاؤنٹ مصدقہ ہے جس کا مطلب ہے کہ اس کا نام استعمال کر کے جعلی اکاؤنٹ کھولے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 2003 میں جس وقت جاوید کے نام سے پہلا کارپوریٹ اکاؤنٹ سوئس بینک میں کھولا گیا تھا اس وقت ان کی عمر 23 سال تھی۔ وہ ایک فیکٹری کے ملازم تھے جس کی 300 کے قریب روزانہ کی اجرت تھی، 2005 میں جاوید نے پہلا پاسپورٹ بنوایا اور اسی وقت ان کے اکاؤنٹ میں 3 اعشاریہ4 ارب روپے موجود تھے۔
https://twitter.com/x/status/1503592593938010114
جاوید کے مطابق اس نے پاسپورٹ ملائیشیا جانے کیلئے بنوایا تھا مگر ایجنٹ کو دینے کیلئے رقم نہیں تھی اس لیے وہ کبھی ملائیشیا بھی نہیں جا سکا۔ اس کے بعد جاوید کا ایک اور اکاؤنٹ سوئس بینک میں کھل گیا جس میں 40 کروڑ 10 لاکھ روپے کی رقم منتقل کی گئی۔ جاوید کا اس متعلق کہنا ہے کہ وہ نہیں جانتے کہ کب اور کس نے ان کی شناخت استعمال کی ہے۔
عمر چیمہ سے کی جانے والی گفتگو میں اس غریب سوئس اکاؤنٹ ہولڈر کا کہنا ہے کہ اگر میں اتنے پیسے کا مالک ہوتا تو یہاں اتنی معمولی زندگی کیوں گزار رہا ہوتا میں کسی اچھے پوش علاقے میں رہتا اور گاڑیاں بنگلوں کا مالک ہوتا۔ وہ لاہور کے علاقے گلبرگ میں جھونپڑیوں میں رہتے ہیں جہاں سیوریج لائن پر تجاوزات ہٹانے کیلئے ان کی جھونپڑیاں بھی مسمار کر دی گئی ہیں۔
جاوید کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے والوں نے صرف دس منٹ دیے کہ سامان اٹھا لیں۔ جاوید کے بھائی یہاں سے جا چکے ہیں لیکن وہ اپنی والدہ کے ساتھ یہاں رہائش پذیر تھے، انہوں نے کہا کہ وہ یہاں سے جا نہیں سکتے کیونکہ دینے کیلئے کرایہ نہیں ہے۔ جاوید کی ماں سے جب ان کے بیٹے کے سوئس اکائونٹس کا سوال کیا گیا تو وہ بھی زاروقطار رونے لگیں۔
عمر چیمہ کے مطابق دی نیوز نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جس جاوید کے نام پر سوئس اکاؤنٹس کھولے گئے تھے وہ یہی محمد جاوید ہے جو نومبر 1977 میں پیدا ہوا۔ اس شخص کی شناخت کو کیسے استعمال کرکے یہ اکائونٹس کھلوائے گئے یہ ایک راز ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/swiss-bank-account-4-bl.jpg
Last edited by a moderator: