
دنیا کے مختلف ممالک میں قید پاکستانیوں کی تعداد 29 ہزار تک پہنچ چکی ہے، سب سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب میں قید ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کا اجلاس سینیٹر عرفان صدیقی کی زیر صدارت ہوا جس میں دنیا کے مختلف ممالک میں زیر حراست پاکستانیوں کا معاملہ زیر بحث آیا، اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ دنیا بھر میں قید پاکستانیوں کی تعداد 29 ہزار ہوگئی ہے۔
وزارت خزانہ کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ سعود عرب میں قید پاکستانیوں کی تعداد 9 ہزار ، متحدہ عرب امارات میں ساڑھے 9 ہزار ہے، متعلقہ ممالک سے زیادہ تر پاکستانیوں کے نام اور وجوہات فراہم نہیں کی جاتی ہیں، ہمیں بیرون ملک قید پاکستانیوں کے نام اور پتے کا علم نہیں ہے۔
چیئرمین کمیٹی عرفان صدیقی نے بیرون ملک زیر حراست پاکستانیوں کی مکمل تفصیلات قائمہ کمیٹی میں پیش نا کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے ایجنڈا مکمل نہیں ہے، ہم مجبور ہوکر وزیر خارجہ کو خط لکھیں گے کہ ان کے حکام بغیر تیاری قائمہ کمیٹی میں آتے ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ محکمہ خارجہ کو زیر حراست افراد کے حوالے سے تفصیلات کا علم نا ہو۔
کمیٹی کی رکن شیری رحمان نے کہا کہ میری قائمہ کمیٹی میں متعلقہ وزیر نے اس معاملے پر مکمل تفصیل پیش کی تھی، مگر یہ کہتے ہیں کہ تفصیل ہے ہی نہیں۔
اس موقع پر سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دفتر خارجہ کو گائیڈ لائنز دینا چاہیے، زیادہ تر بیرون ممالک میں جرائم پیشہ افراد پھنستے ہیں، کچھ معمولی جرائم میں بھی پھنس جاتے ہیں کوئی تو سسٹم ہونا چاہیے کہ جو گرفتار ہو اس کی تفصیل شیئر کی جاسکے۔
اس پر وزارت خارجہ کے حکام کا کہنا تھا کہ یورپ میں پرائیویسی قوانین بہت سخت ہیں، قیدیوں کی اجازت کے بغیر ان کی تفصیلات فراہم نہیں کی جاسکتیں، اس وقت یورپ سے ڈی پورٹ ہونے والے افراد کی سب سے زیادہ تفصیلات مل رہی ہوتی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5pakistani wqiaisius.png