
اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا شمیم کے بیٹے احمد حسن رانا نے کہا کہ رانا شمیم کا بیان حلفی میں نے بھی دیکھا، نوٹرائزر ہوتے وقت کسی نے تصویر لے کر اسے لیک کیا۔ انہوں نے بیانِ حلفی لیک کرنے والے کو سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اُس شخص کے بارے میں بتایا جائے جس نے یہ سب کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیان حلفی کی نوٹری کس نے کرائی اس کا بھی مجھےعلم نہیں ہے، اس بارے میں والد صاحب سے ہی سوال کیا جاسکتا ہے، آج کی سماعت کے دوران عدالت میں نہیں تھا تو کچھ نہیں بول سکتا۔ نوازشریف کے پاس بیانِ حلفی کی موجودگی سے متعلق والد صاحب ہی کوئی جواب دے سکتے ہیں۔
سماعت سے متعلق ان کا اتنا کہنا تھا کہ ان کے والد نے عدالت میں واٹس ایپ پر چلنے والے بیانِ حلفی کا تذکرہ کیا اور جج کو بتایا کہ انہوں نے اس بیان کو نہیں دیکھا، اب بیانِ حلفی کے بعد آفٹر شاکس سامنے آرہے ہیں، جس کے اثرات وفاقی وزرا کے بیانات سے نظر آرہے ہیں۔
احمد حسن رانا نے کہا میرے والد نے جو بیان حلفی دیا وہ اس پر قائم ہیں، ہماری عدالت سے یہی درخواست ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے اس کی وجہ یہ ہے کہ اب نہ ہم سے اور نہ کسی اور سے صبر ہو رہا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/saqib-nisar.jpg