بھارت نے ٹی 20 کرکٹ میں دوسرا بڑا اسکور بناڈالا

indvsban11.jpg


بھارتی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 کرکٹ کا دوسرا بڑا اسکور بنالیا ہے، بھارت ٹیم نے یہ اعزاز بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں حاصل کیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر حیدرآباد میں بھارت بنگلہ دیش ٹی 20 سیریز کا تیسرا میچ کھیلا گیا، بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر مجموعی طور پر 297 رنز اسکور کیے۔

بھارت نے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 20 اوورز میں 298 رنز کا ہدف دیا، 297 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف میں بھارتی بیٹسمین سنجو سیمسن نے اہم کردار ادا کیا اور صرف 47 گیندوں پر 111 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس کے بعد سوریا کمار نے 35 گیندوں پر 75 رنز بنائے جس میں 5 چھکے اور 8چوکے شامل تھے، ہاردک پانڈیا نے 18 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔

298 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 164 رنز بنائے ، بھارت نے بنگلہ دیش کو تیسرے میچ میں 133 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی۔

واضح رہے کہ ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ نیپال کے پاس ہے جس نے گزشتہ سال ایشین گیمز میں منگولیا کے خلاف میچ میں 314 رنز بنائے تھے۔
 

Back
Top