
بھارت میں ایک ویب سائٹ کی جانب سے مسلمان خواتین کی فروخت کیلئے آن لائن نیلامی کے الزام میں پولیس نے خاتون سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایک ویب سائٹ پر مشہور و معروف مسلمان خواتین کی تصاویراپلوڈ کرکے اس پر "ڈیل آف دی ڈے" کا ٹائٹل آویزاں کیا گیا جس کا مطلب تھا کہ ان خواتین کی نیلامی ہورہی ہے، جس ویب سائٹ پر یہ جعلی نیلامی کی حرکت کی گئی اس کا نام"بلی بائی" تھا ، اس لفظ کو بھارت میں مسلمان خواتین کی ہتک کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔
ویب سائٹ پر جن خواتین کی تصاویر ڈالی گئیں ان میں مشہور صحافی، انسانی حقوق کی کارکنان، فلمی ستارے اور آرٹسٹس شامل تھیں، پاکستانی نوبل انعام یافتہ طالب علم ملالہ یوسف زئی کی تصویر بھی اس جعلی نیلامی میں شامل کی گئی تھی، ان تمام لوگوں کی تصاویر ان کی مرضی کے بغیر اس ویب سائٹ پر ڈالی گئیں۔
ویب سائٹ پر نیلامی کا معاملہ جیسے ہی سوشل میڈیا پر اٹھایا گیا ان تمام خواتین سمیت بھارت بھر میں ایک سوشل میڈیا صارفین نے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی، جن خواتین کی اس ویب سائٹ پر تصاویر ڈالی گئیں ان کا کہنا تھا کہ اس حرکت کا مقصد ان کی تذلیل کرنا ہے۔
معاملہ سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر اٹھائے جانے کے بعد اس ویب سائٹ کو 24 گھنٹوں کے اندر بند کردیا گیا تھا جس کے بعد ممبئی پولیس کے سائبر یونٹ نے جعلی نیلامی میں شامل کی گئی ایک خاتون کی شکایت پر کیس رجسٹر کرکے ابتدائی تفتیش کے بعد 2 افراد کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔
ممبئی پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے افراد میں ایک 21 سالہ انجینئرنگ کا طالب علم ہے جبکہ ایک خاتون ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مشتبہ ملزمان سے تفتیش کررہے ہیں،ا بھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ان دونوں نے مل کر یہ ویب سائٹ بنائی یا وہ انہیں چلانے والوں میں شامل تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/muslim1112.jpg