
بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی حکومت نے ماضی کی مسلم شخصیات کے ناموں سے منسوب 2 شہروں کے نام بدل دیے۔ مہاراشٹرا کی حکومت نے جاتے جاتے مسلم شخصیات کے ناموں سے منسوب شہروں اورنگ آباد اور عثمان آباد کے نام تبدیل کردیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ اودے ٹھاکرے کی زیر صدارت ریاستی کابینہ کا آخری اجلاس ہوا، جس میں کابینہ نے نام تبدیل کرنے کی منظوری دی، ریاستی کابینہ نے اورنگ آباد شہر کا نام تبدیل کرکے سمبھاجی نگر اور عثمان آباد شہر کا نام تبدیل کر کے دھارا شیو رکھنے کی منظوری دی ہے۔
یاد رہے کہ اکتوبر 2018 میں بھارتی ریاست اترپردیش میں اقتدار میں آنے کے بعد بی جے پی نے الہ آباد کا نام "پریاگ راج" رکھ دیا تھا۔ بی جے پی حکمران اس امر پر زیادہ ناراض کے تھے کہ شہر کا 435 سال پرانا نام ایک مسلمان حکمران کا دیا ہوا تھا۔ اتنا ہی نہیں ایک متنازع ہندو مذہبی رہنما کی سربراہی میں قائم مقامی حکومت نے فیض آباد ضلع کا نام ایودھیہ رکھ دیا۔
اس کے علاوہ ناوی ممبئی ائیرپورٹ کا نام تبدیل کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے، ناوی ممبئی کا نیا نام ڈی بی پاٹل ائیرپورٹ ہوگا۔ اب بی جے پی رہنما تاج محل کے شہر آگرہ اور گجرات میں احمد آباد کو ’ہندو‘ نام دینا چاہتے ہیں۔ اس سے قبل رواں سال ہی راجستھان میں حکمراں جماعت بی جے پی نے تین دیہات کے نام تبدیل کیے کیونکہ وہ بظاہر 'اسلامی' نام تھے۔