
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں شکست کےبعد بھارتی کرکٹ بورڈ نےسارا ملبہ سیلکشن کمیٹی پر ڈالتے ہوئے پوری کمیٹی کو ہی برطرف کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست سے دوچار ہونے کےبعد چیتن شرما کی زیر صدارت سینئر نیشنل سیلکشن کمیٹی کو برطرف کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
اسی سیلکشن کمیٹی نے ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کی ٹیم کی سیلکشن بھی کی تھی جس میں بھارت ناک آؤٹ مرحلے سے پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوگیا تھا، جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھارت فائنل تک پہنچ گیا تھا مگر ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہا اور ہار گیا تھا۔
چار ارکان پر مشتمل سینئر نیشنل سیلکشن کمیٹی کو برطرف کیے جانے کے بعد بی سی سی آئی نے نیشنل سیلکٹرز کےعہدے کیلئے درخواستیں بھی ساتھ ہی طلب کرلی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند سالوں میں آئی سی سی ایونٹس میں بھارتی کرکٹ ٹیم خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے، بڑے ایونٹس میں بری کارکردگی کےباعث بھارت کے اندر بورڈ اورسیلکشن کمیٹی کے کردار پر کافی سوالات اٹھائےجارہے ہیں۔