
بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں بھارتی حکومت نے ایک اور سخت قدم اٹھاتے ہوئے پاکستانی ڈرامے اور شوبز مواد دکھانے والے یوٹیوب چینلز پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ اس سے قبل بھارت نے 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کو جواز بنا کر پاکستان کے 16 سے زائد نیوز یوٹیوب چینلز، جن میں ڈان نیوز بھی شامل ہے، بند کر دیے تھے۔
اب بھارت نے معروف پاکستانی یوٹیوب چینلز جیسے اے آر وائے ڈیجیٹل، جیو ٹی وی اور ہم ٹی وی کو بھی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے کر بند کر دیا ہے۔ اس سے قبل بھارت میں معروف پاکستانی کرکٹرز شعیب اختر اور باسط علی سمیت دیگر مواد تخلیق کاروں کے یوٹیوب چینلز پر بھی پابندی لگائی جا چکی ہے۔
بھارتی ویب سائٹ ’سیاست‘ کے مطابق پاکستانی ڈراموں کی بھارت میں بے پناہ مقبولیت بھارتی حکومت کو ہضم نہیں ہو رہی تھی، اسی لیے اب شوبز چینلز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ بھارتی عوام، خاص طور پر پاکستانی ڈراموں کے شائقین، نے سوشل میڈیا پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے اس فیصلے پر تنقید کی ہے۔
دوسری جانب، پاکستان نے تاحال نہ تو کسی بھارتی نیوز یوٹیوب چینل اور نہ ہی بھارتی شوبز مواد دکھانے والے کسی چینل پر کوئی پابندی لگائی ہے۔
پہلگام حملے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و عسکری کشیدگی بڑھ چکی ہے۔ بھارتی حکومت پاکستانی ویب سائٹس پر سائبر حملوں میں بھی تیزی لا چکی ہے اور اب مختلف پلیٹ فارمز پر پاکستان کے میڈیا مواد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔