بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا اور ارشد ندیم کتنے کتنے اثاثوں کے مالک ہیں؟

14neerajajchpparashahrhhisskjkjs.png


ارشد ندیم پیرس اولمپکس 2024ء میں شرکت کر کے جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلےپاکستانی ایتھلیٹ بن چکے ہیںاور پاکستان کا نام پوری دنیا میں بلند کر کے پاکستان کیلئے تاریخ رقم کر چکے ہیں۔

جیولن تھرو مقابلے میں ارشد ندیم کے حریف سمجھے جانے والے بھارت کے کھلاڑی نیرج چوپڑا دوسرے نمبر پر آکر سلور میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے جن کے اثاثوں کے حوالے سے دلچسپ رپورٹ سامنے آئی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق نیرج چوپڑا کی مجموعی دولت کا تخمینہ تقریباً 37 کروڑروپے (4 ملین ڈالر) لگایا گیا ہے جبکہ 1992 کے اولمپکس میں ہاکی میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد پیرس اولمپکس 2024ء میں پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتنے والے ارشد ندیم کی مجموعی دولت 1 کروڑ روپے سے بھی کم تھی جن کیلئے اب انعامات کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔


نیرج چوپڑا کی مجموعی دولت کے تخمینے میں بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں کے ساتھ ساتھ بھارت کے معروف برانڈز کے ساتھ ہونے والے معاہدوں اور بھارتی فوج میں بطور جونیئر کمیشن آفیسر سے ملنے والی تنخواہ بھی شامل ہے۔ نیرج چوپڑا کے عالیشان گھر کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جو بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر پانی پت میں ہے اور 3منزلوں پر مشتمل ہے جہاں وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ رہتے ہیں۔


دوسری طرف پیرس اولمپکس 2024ء میں جیولن تھرو میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل اور انفرادی مقابلے میں پہلی دفعہ یہ معرکہ سر کرنے والے ارشد ندیم کے اثاثے نیرج چوپڑا کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔ ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس 2024ء میں شرکت سے پہلے مجموعی دولت کا تخمینہ 1 کروڑ روپے سے بھی کم لگایا گیا ہے۔

پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے کے بعد ارشد ندیم کے لیے حکومت اور ملک کی مختلف شخصیات کی طرف سے انعامات کے اعلانات کیے گئے ہیں جس میں صوبوں، وفاقی اور کے ایم ایس سمیت مختلف اداروں نے ان پر کروڑوں کے انعامات کی بارش کر دی ہے۔ واضح رہے کہ ارشد ندیم نے 92 اعشاریہ 97 میٹر دور جیولن تھرو کر کے 118 سالہ اولمپک گیمز کا ریکارڈ بھی توڑا ہے جس کے بعد اپنے وطن واپس پہنچنے پر ان کا بھرپور استقبال کیا گیا تھا۔