بنگلہ دیش کیخلاف سیریز میں کلین سویپ کرنیوالی قومی ٹیم ٹرافی سے محروم کیوں؟

pak-trophy-11131.jpg


بنگلہ دیش کو تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں بھی شکست دینے والی پاکستانی ٹیم سیریز جیت کر بھی ٹرافی نہیں لے پائی۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بنگلہ دیش سے 3-0 کے حساب سے سیریز جیتنے کے بعد ونرز کے بورڈ کے ساتھ جشن مناتی پاکستانی ٹیم تو دکھائی دے رہی ہے مگر اس ویڈیو میں جو کمی ہے وہ سیریز کی ٹرافی کی ہے جو کسی کھلاڑی کے ہاتھ میں دکھائی نہیں دے رہی۔

نجی ٹی وی چینل کے اسپورٹس جرنلسٹ عبدالغفار نے اپنی ٹویٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کو ٹرافی نہ ملنے کی وجوہات بیان کیں۔


عبدالغفار نے بتایا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کو سیریز جیتنے پر ٹرافی اس لیے نہیں دی کیونکہ چیئرمین بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اس وقت دستیاب نہیں تھے اور ٹرافی بھی انہی کے ہاتھ سے جیتنے والی ٹیم کو دلوائی جانی تھی۔

صحافی عبدالغفار نے بتایا کہ ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں سیریز کی ٹرافیاں جیتنے والی ٹیموں کو دی جائیں گی۔

تاہم اس حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کا آج تیسرا اور آخری میچ کھیلا گیا جس میں کامیابی حاصل کرکے پاکستانی ٹیم نے سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی اور بنگلہ دیش کو کلین سوئپ کردیا ہے،دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 26 نومبر سے شروع ہوگی۔