بنگلہ دیش میں حکومت مخالف مظاہروں اور فسادات میں مشتعل مظاہرین نے بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ اور عوامی لیگ کے رکن پارلیمنٹ کے گھروں کو آگ لگادی ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیشی وزیراعظم کے مستعفیٰ ہونے اور ملک سے فرار ہوگئی ہیں جس کے بعد بنگلہ دیش میں فسادات کی ایک نئی لہر سامنے آئی ہے،اس دوران مشتعل مظاہرین نے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کے گھروں و دفاتر کو نشانہ بنایا اور متعدد گھروں کو نظر آتش کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتعل مظاہرین نے32 دھان منڈی جس کو اب بنگا بدھو میمورئیل میوزیم بنا دیاہے اور پہلے بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی ذاتی رہائش گاہ تھی اس کو بھی آگ لگادی، اس دوران مظاہرین نے عوامی لیگ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے کھلنا کے ضلع نڑائل میں رہائش پزیر سابق بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ کے گھر کو بھی آگ لگادی اور دیگر شہروں میں عوامی لیگ کے اراکین پارلیمنٹ کے گھروں و دفاتر کو نشانہ بنایا، اسی دوران ڈھاکا میں مظاہرین نے عوامی لیگ کے ہید کوارٹرز کو بھی آگ لگادی۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں ایک ماہ سے جاری احتجاجی مظاہروں اور ریلیز کے بعد وزیراعظم شیخ حسینہ واجد استعفیٰ دے کر ملک سے فرار ہوگئی ہیں، پرتشدد مظاہروں اور جھڑپوں میں سینکڑوں افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔