بنگلا دیش کی عبوری حکومت نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی جماعت، عوامی لیگ، پر انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت پابندی عائد کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت تک کے لیے نافذ العمل رہے گا جب تک جماعت کے خلاف مقدمے کی سماعت مکمل نہیں ہو جاتی۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ پابندی انسداد دہشت گردی قانون کے تحت لگائی گئی ہے، جس کے تحت کسی بھی ایسی تنظیم کی سرگرمیوں کو روکا جا سکتا ہے جو قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھی جائے۔
اس کے ساتھ ہی حکومت نے انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل ایکٹ میں ترمیم کی منظوری بھی دے دی ہے، جس کے تحت اب سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے گی۔
دوسری جانب عوامی لیگ نے حکومت کے اس فیصلے کو غیر قانونی اور سیاسی انتقام قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد نے گزشتہ برس اگست میں ملک گیر عوامی دباؤ کے باعث وزارتِ عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا اور بعد ازاں بھارت چلی گئی تھیں۔ بنگلا دیشی حکومت بھارت سے ان کی حوالگی کا مطالبہ بھی کر چکی ہے۔
Last edited by a moderator: