
ٹیکنالوجی کی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی بڑی بیٹی کی شادی دنیا کی مہنگی ترین شادیوں میں شامل، جنیفر گیٹس کی شادی میں 20 لاکھ ڈالرز یعنی 34 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد کا خرچ آیا۔
تفصیلات کے مطابق بل گیٹس کی بڑی بیٹی جینیفر اپنے دیرینہ دوست نائل نصر کے ساتھ 16 اکتوبر کو نیو یارک میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی، پہلے مسلم طریقہ کار کے تحت شادی کی ایک محدود تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد نیویارک میں ہونے والی تقریب میں جنیفر گیٹس اور نائل نصر شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شادی کی یہ تقریب جنیفر کے ویسٹ چیسٹر ہارس فارم میں منعقد ہوئی جس میں سیکڑوں مہمان شریک ہوئے۔
27 برس تک رشتہ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد رواں برس مئی میں راہیں جدا کرنے والا جوڑا بیٹی کی خوشی میں شامل ہوا، طلاق کو حتمی شکل دینے کے تقریباً تین ماہ بعد بل گیٹس اور میلنڈا کو پہلی بار اپنی بیٹی کی شادی کی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ جنیفر گیٹس اور نائل نصر کے درمیان 2017 سے قریبی تعلقات تھے اور30 جنوری 2020 میں دونوں نے منگنی کرلی تھی۔