
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تربت کا دورہ کیا اور بلوچ نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے مقامی اداروں میں شامل ہو کر علاقے کی سیکیورٹی اور استحکام میں اپنا حصہ ڈالیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے تربت پہنچنے پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔ جہاں بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال اور بارڈر منیجمنٹ کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے جوانوں کے حوصلے اورآپریشنل تیاریوں کو سراہا اور دہشت گردوں کیخلاف کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جنرل قمرجاوید باجوہ نے تربت یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا اور ضلع کیچ سے تعلق رکھنے والے عمائدین سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے وفد میں مقامی رہنما، قبائلی عمائدین، طلبا، وکلا اور خواتین رہنما شامل تھیں۔
تربت یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، بلوچستان کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، انہیں مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں شامل ہوکر علاقے کی سیکیورٹی اور استحکام میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
https://twitter.com/x/status/1498702337602428930
آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان میں امن واستحکام پاک فوج کی اولین ترجیح ہے اور بلوچستان کی سماجی واقتصادی ترقی اور پرامن ماحول کو یقینی بنایا جائیگا۔ جامع قومی کوششوں سے حقیقی پوٹینشل سامنے لائیں گے، طلبا تعلیم اور ہنر کے حصول کیلئے دستیاب مواقع سے استفادہ کریں۔