بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 'فتنۃ الہند' کے 7 دہشت گرد ہلاک

0310454818990e5.jpg

کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور قلات میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر دو الگ الگ کارروائیوں میں کالعدم تنظیم فتنۃ الہند سے تعلق رکھنے والے کم از کم 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، پہلا آپریشن ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں کیا گیا جہاں 5 دہشت گرد مارے گئے، جب کہ دوسرا آپریشن قلات میں ہوا جس میں مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے، جب کہ دونوں مقامات پر کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ہلاک دہشت گرد حالیہ دنوں میں فورسز اور شہریوں پر ہونے والے متعدد حملوں میں ملوث تھے، اور ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

یہ کارروائیاں حالیہ دنوں میں بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے تناظر میں کی گئی ہیں، جن میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہوں کے متحرک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ 6 سے 10 مئی کے درمیان پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے بعد بھارتی حمایت یافتہ عناصر نے بلوچستان میں حملوں کی نئی لہر شروع کرنے کی کوشش کی، جس میں فتنۃ الہند اور کالعدم بی ایل اے جیسے گروہ نمایاں ہیں۔

گزشتہ ماہ خضدار میں ایک اسکول وین پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 طالبات اور ایک طالب علم شہید ہو گئے تھے، جس کے بعد قومی سیاسی و عسکری قیادت نے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی منظوری دی تھی۔ اس کے بعد ضلع سوراب میں سرکاری افسران کی رہائش گاہوں پر بھی حملے کیے گئے جن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت بلیدی شہید ہوئے، جب کہ افسران کی رہائش گاہوں کو نذر آتش کر دیا گیا اور قریبی بینک کو بھی لوٹ لیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ صوبے میں امن و امان کی فضا بحال کی جا سکے اور ریاستی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔
 

Back
Top