
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں باپ نے باپ کو بدل دیا
نجی ٹی وی کے پروگرام پرائم ٹائم ود طارق محمود میں میزبان کی جانب سے سوال پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بلوچستان میں عدم استحکام کی تحریک اسٹیبلشمنٹ کے بغیر ممکن نہیں تھی،باپ نے باپ کو بدل دیا۔
انہوں ںے کہا کہ عبدالقدوس بزنجو پروفیشنل ٹوپل ہوگئے، بلوچستان میں ان کی اپنی حکومت ہے، اس کا پی ڈی ایم سے کوئی تعلق نہیں، بلوچستان میں اپنے نمائندے کو ہٹاکر دوسرا نمائندہ کو لایا گیا، جبکہ پی ڈی ایم کا مشن حکومت کو ہٹانا ہے۔
میزبان کی جانب سے سوال پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک بار پھر ای وی ایم کے استعمال پر تنقید کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اس فرسودہ نظام کو ختم کردیا گیا ہے، پاکستان میں الیکٹرک مشین کا استعمال بدنیتی ہے، صرف چھ ممالک باقی ہیں جو اس سسٹم کا استعمال کررہے ہیں اور وہ ممالک بھی اس نظام کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور اب ہم اس نظام کو ملک میں لانا چاہتے ہیں،کیونکہ ہم نے الیکشن چوری کرنا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کا انتخاب میں جیتنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ الیکشن چوری کیا جائے،ای وی ایم کے ذریعے الیکٹرونک چوری حکومت کا منصوبہ ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں کے معاملے پر سوال پوچھنے پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ان کے لئے تیسرا نظام ہے، وہ آن لائن ووٹنگ کرینگے، لیکن حکومت پہلے خود جان لے کہ وہ کرنا کیا چاہتے ہیں؟ ہمارے ملک میں الیکشن چوری ہوتا ہے،الیکشن پہلے متنازع ہے اسے مزید متنازع بنانا چاہتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا پہلے بھی آر ٹی ایس نظام کے تحت دھاندلی ہوئی، اب ای وی ایم کے تحت ہوگی، عوام کا اس نظام پر اعتبار ہی نہیں تو کیوں ایسا نظام لانا چاہتے ہیں؟ کیوں خرابی پیدا کرنا چاہتے ہیں؟