بلوچستان، ٹرانسپورٹرز کا چیک پوسٹوں پر ناانصافیوں کے خلاف احتجاج


kabai112h1i13.jpg

بلوچستان کے شہر حب میں گڈزٹرانسپورٹرز نے قومی شاہراہوں پر قائم چیک پوسٹ پر اپنے ساتھ ہونے والے ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گڈزٹرانسپورٹرز اتحاد بلوچستان نے قومی شاہراہوں پر قائم چیک پوسٹوں پر اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹرزنے حب شہر میں سینکڑوں گاڑیاں کھڑی کر کے احتجاج کرتے ہوئے کل سے مکمل ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ٹرانسپورٹرز نے شاہراہوں پر قائم کی گئی چیک پوسٹوں کی بھرمار کے خلاف شدید احتجاج کیا اور حب شہر میں قائم چیک پوسٹ کے پاس بھوانی کے مقام پر سینکڑوں گاڑیاں کھڑی کر کے احتجاجی ریلی نکالی۔ احتجاجی ریلی میں شریک ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی شاہراہوں پر چیک پوسٹوں کی بھرمار ہو چکی ہے جہاں پر فورسز کے اہلکاروں نے ہمارا جینا حرام کر رکھا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کے مطابق فورسز کے اہلکاروں کو رشوت نہ دی جائے تو وہ ہماری گاڑیوں کو گھنٹوں گھنٹوں تک بلاوجہ ان چیک پوسٹوں پر کھڑا رکھتے ہیں اور نذرانہ دیئے بغیر جان نہیں چھوٹتی۔ ہمارے مطالبات کو منظور نہ کیا گیا تو اشیائے خوردونوش کے ساتھ ساتھ دیگر اشیاء ودیگر سامان کی ترسیل بند کر دی جائے گی۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے دکی سے کوئلہ پنجاب لے کر جانے والے ٹرکوں پر نامعلوم افراد نے سنجاوی پاسرہ تنگی کے علاقے میں فائرنگ کر دی جس میں ڈرائیور جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مسلح افراد نے متعدد ٹرکوں کو نذرآتش کر دیا تاہم کسی گروپ نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، واقعے کے بعد باقی ٹرکوں کی نقل وحمل کو روک دیا گیا۔