
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دفن ہوچکی ہے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں تشدد اور دھاندلی کا سہارا لے کر عوام کے انتخاب کے حق پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہی ہے،ایک غیر مقبول حکومت ہی ایسی حرکتیں کرسکتی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1472496425955115008
انہوں نے حکمران جماعت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں پولنگ سے قبل تحریک انصاف کے لوگ بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اور پولنگ کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے مختلف مقامات پر توڑ پھوڑ اور خواتین سمیت پولنگ عملےپر تشدد کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہم خیبر پختونخوا کی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ان حربوں سے گھبرا نے کے بجائے گھروں سے نکل کر اپنے ووٹوں سے پی ٹی آئی کو شکست دیں، پیپلزپارٹی کے تمام کارکنان پرتشدد واقعات کو پارٹی کے الیکشن سیل اور الیکشن کمیشن میں رپورٹ کریں۔
https://twitter.com/x/status/1472498001465823234
انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان میں بلدیاتی انتخابات سے ایک روز قبل اے این پی کے امیدوار کو قتل کردیا گیا، مقتول کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے وزیر نے پہلے مقتول کو رشوت دینے کی کوشش کی انکار پر ان کا قتل کردیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن دھاندلی کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے۔