
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم عمران خان کوملکی معیشت، سیاست اورمعاشرتی ہم آہنگی کیلئے 'ان گائیڈڈ میزائل' قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کے گزشتہ روز آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان دفاعی اداروں اور ان کے سربراہان کی حب الوطنی پر سوالات اٹھانے سے باز رہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کےبیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایسے بیانات دے کر ملک میں انتشار وافراتفری پھیلا نے کی کوشش کررہےہیں اور پاکستان کو افغانستان، لیبیا یا شام بنانےکی کوشش کررہے ہیں، عمران خان ملک کی معیشت ، سیاست اور معاشرتی ہم آہنگی کیلئے ایک ان گائیڈڈ میزائل ہیں، تاہم پاکستان کی محب وطن قوتیں عمران خان کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک کے عوام ملک کی سلامتی کی کاوشوں پر پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، مسلح افواج نے ملک کے دفاع کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، عمران خان دفاعی ادارے اور ان کے کمانڈروں کی حب الوطنی پر سوالات اٹھانے سے باز رہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے فیصل آباد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے نئے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی والے الیکشن کروانے سے ڈرتے ہیں کیونکہ یہ نومبر میں آرمی چیف کی تقرری ہونی ہے اوریہ دونوں مل کر اپنا فیورٹ آرمی چیف لانا چاہتےہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12bilawkhanmissiel.jpg